• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری میں پیشرفت ہوگی، سعودی وزیر خارجہ


سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی۔

اسلام آباد میں و زیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس بریفنگ میں فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سعودی وفد کی شاندار مہمان نوازی کرنے پر مشکور ہیں، آج کی ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک ایشوز پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی۔

سعودی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایس آئی ایف سی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے ،نئی اپروچ ہمیں پسند آئی ہے، جس سے ہمیں اعتماد ملا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دورہ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کا نتیجہ ہے، محمد بن سلمان کی ہدایت پر ہی دورہ پاکستان کر رہے ہیں۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سیکیورٹی کے لئے ملکر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس دورے سے پرامید ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں تعمیری گفتگو ہوئی اس کا فالو اپ کریں گے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، سعودی عرب کو باضابطہ طور پر آئی سی ایف سی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے، سعودی وفد کی آمد پر انتہائی خوشی ہوئی، اتنا اعلیٰ سطح کا سعودی وفد 35 برس میں پاکستان آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی قیادت کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی پر شکر گزار ہیں، ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرے گا۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ سعودی وفد سے آئی ٹی معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید