تحریک انصاف نے فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ فوری منظرِعام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے کہا کہ اس رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا حکم دیں۔ رپورٹ کے سامنے آنے والے مندرجات کئی پہلوؤں سے اہم ہیں۔
ترجمان کے مطابق رپورٹ کے مصدقہ مندرجات سے آگاہی قوم کا بنیادی حق ہے۔ انھوں نے کہا کمیشن نے شاہد خاقان، احسن اقبال و دیگر کی گواہی کی روشنی میں شہباز شریف اور پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق شہباز شریف مستعفی ہوں اور اپنی مجرمانہ کوتاہیوں کا جواب قوم کو پیش کریں۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ دھرنا کمیشن سفارشات کی روشنی میں شہباز شریف اور کابینہ کیخلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کا حکم دے۔
ترجمان کے مطابق کمیشن نے سفارشات میں اداروں کے سیاست میں کردار پر بھی لب کشائی کی جس کی حقیقت کھلنا اہم ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا چیف جسٹس پاکستان رپورٹ منظرِ عام پر رکھنے کے احکامات صادر کریں اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سمیت ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے احکامات دیں۔