• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ڈرفٹنگ نے ڈی ایچ اے کا چوراہا برباد کردیا


کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں منچلوں نے حال ہی میں بنائی گئی شاندار سڑک کو برباد کرڈالا، نوجوانوں کی جانب سے کی گئی کار ڈرفٹنگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

 کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے ڈیفنس فیز 6 میں واقع بخاری کمرشل سے لے کر خیابان مسلم تک 56 ایکٹر اراضی کی سڑک کی مرمت کی گئی، جس میں نئے سگنلز، زیبرا کراسنگز اور سڑک کی مرمت شامل ہے۔

اس روڈ کا افتتاح ہوئے ابھی کچھ ہی روز گزرے تھے کہ یہاں من چلے پہنچ گئے اور اپنی گاڑیوں کو ڈرفٹنگ اور روڈ پر ڈونٹس بنانے کے کرتب دکھانا شروع ہوگئے جس کی وجہ سے نئی بنی ہوئی سڑک ابتداء ہی میں برباد ہونا شروع ہو گئی۔

گاڑیوں کی ڈرفٹنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکام حرکت میں آئے اور درخشاں تھانے کی حدود میں سی بی سی کی جانب سے مقدمہ درج کروادیا گیا۔

ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنائی جانے والی سڑک عوام کے ٹیکس کی رقم سے بنائی گئی ہے، تاہم کسی بھی شہری کی جانب سے سرکاری املاک کو اس طرح سے نقصان پہنچانا مجرمانہ فعل ہے، اس حوالے سے کنٹونمنٹ بوڑد کی جانب سے ایس او پی مرتب کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید