سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 113 رنز سے شکست دے دی۔ مہمان ٹیم کی کپتان ہیلی میتھوز نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی جہاں اسکو پہلا نقصان راشادہ ولیمز کی صورت میں صرف ایک رن پر اٹھانا پڑا۔
جس کے بعد ہیلی میتھوز اور شیمانے کیمبل نے 102 رنز کی شراکت قائم کی، کیمبل 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
دوسرے اینڈ سے ہیلی میتھیوز نے کپتان اننگز جاری رکھی، اُنہوں نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 150 گیندوں پر ناقابل شکست 140 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم 8 وکٹ پر 269 رنز بنانے میں کامیاب رہی، پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹرز اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکیں، وقفے وقفے سے اُن کی وکٹیں گرتی رہیں، 36ویں اوور میں ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
طوبیٰ حسن 25، منیبہ علی 22 اور ناجیہ علوی 20 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
ویسٹ انڈین کپتان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ بھی شاندار کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ دو کھلاڑیوں کو فلیچر نے بھی آؤٹ کیا۔
تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ سیریز کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔