وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ معیشت کی خرابی پاور سیکٹر کی وجہ سے بھی ہے، 3 ہفتے میں محکمے کی کمزرویوں کا جائزہ لیا، پاور سیکٹر کے لیے اصلاحات تیار کی ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاور سیکٹر کے نقصانات 560 ارب روپے ہیں، افسر بھی بجلی کی چوری میں ملوث ہیں، کسی بجلی چور کا لحاظ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کی بجلی چوری کی روک تھام میں معاونت پر مشکور ہیں، ملک میں کروڑوں کے اضافی بل بھیجے جاتے ہیں۔
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں کنڈا سسٹم کا خاتمہ کریں گے، اب بجلی چوروں پر کوئی رحم نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کمپنیاں بورڈز کے ذریعے اپنے فیصلے کریں، بجلی کمپنیوں کے بورڈز کی تنظیمِ نو کریں گے، بجلی چوری کے خلاف مہم میں عوام کی مدد درکار ہے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری سے سوال کیا کہ آپ کے بھائی میپکو بورڈ میں ہیں؟
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے جواب دیا کہ میرے بھائی بھی نہیں رہیں گے۔