کراچی جنوبی کے علاقے بغدادی سے چند روز قبل گرفتار ہونے والے منشیات ڈیلر ریاست عرف جدگال کی تفتیشی رپورٹ جاری کردی گئی۔
کراچی سے جاری رپورٹ کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ ہمارے اڈے پر روزانہ کی بنیاد پر 50 سے 60 لاکھ روپے کی منشیات فروخت ہوتی ہے۔
رپورٹ میں ملزم ریاست کے بیان کے مطابق میرا بھائی عابد بڑے پیمانے پر منشیات کا کاروبار کرتا ہے۔
ملزم کے مطابق عابد نے اسے منشیات کے کام میں آنے کی آفر کی تو اس نے ہامی بھر لی۔
رپورٹ کے مطابق عابد کراچی کے علاقے پاک کالونی کے مختلف اڈے پر چرس اور آئس منشیات فروخت کرتا تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ منشیات میرا بھائی ایران اور دیگر ممالک سے اسمگل کر کے لاتا ہے۔
ملزم نے کہا کہ پاک کالونی کے علاوہ گولیمار میں بھی منشیات فروش ڈیلروں کو وہی سپلائی کرتے ہیں۔ پرانا گولیمار کے اڈے کو بڑھانے اور تحفظ کےلیے اسلحے کی خریداری کرنا چاہتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مخالفین کے منشیات اڈوں کو ختم کرنے کیلئے بھی اسلحے کی ضرورت تھی۔
ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے اسلحے کی خریداری کی ذمہ داری اپنے کارندے رضا کو سونپی۔ رضا خیبر پختونخوا میں موجود وہاب پٹھان سے اسلحے کی ڈیلنگ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے بتایا کہ میرے اڈے سے منشیات فروشی کے تمام کام لیاقت انجام دے رہا ہے۔