• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی، بیرسٹر امجد ملک

پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے وفد نے سینئر رکن طلعت محمود چوہان کی قیادت میں چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات کی اور وطن عزیز میں ہونے والے عام انتخابات پر مسلم لیگ ن کی کامیابی پر انہیں اور پارٹی قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مبارکباد پیش کی۔

‎وفد نے بیرسٹر امجد ملک کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی بھی مبارک دی اور اوورسیز میں بسنے والے تمام مسلمانوں کےلیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ مزید برآں انہوں نے تمام عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ عالم اسلام اور پاکستان پر اپنا خصوصی کرم فرمائے۔

‎اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میاں شہباز شریف کی حکومت ملک میں سیاسی استحکام کی کوشش کر رہی ہے، تارکین وطن کےلیے مزید اقدامات کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی اقتصادی ترقی مسلم لیگ ن کی حکومت میں اہم ترجیح ہوگی۔

انکا کہنا تھا کہ ‎اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے اور اوورسیز گلف، یورپ، برطنیہ اور امریکہ سمیت بیرون ملک  میں رول ماڈل اشخاص پر مشتمل ایڈوائزری کونسل کی تشکیل نو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صدور سے نام مانگ لیے ہیں، ایڈوائزری کونسل ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرے گی۔

‎امجد ملک نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کر کے دکھایا تھا اب بھی مسلم لیگ (ن) تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی، مسلم لیگ (ن) کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ہم پراپیگنڈا پر یقین نہیں رکھتے۔ 

انہوں نے کہا کہ 16 رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے، ان میں اوورسیز پاکستانیوں کےلیے مخصوص نشستیں، ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز، خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں 10 فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعایت، خصوصی قومی بچت اسکیم، آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور اسٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کےلیے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھیجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام شامل ہیں۔ 

انکا کہنا تھا کہ ان تمام ترجیحات پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا، تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دیے جائیں گے۔

‎سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ ن فرانس طلعت محمود چوہان نے کہا کہ اگلا دور تجارت کا ہے، تجارت کو فروغ دیکر مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔ ہم انٹرنیشنل افئیرز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تارکین وطن کی نمائندگی مؤثر انداز میں کی۔ 

انہوں نے کہا کہ تجارتی ونگ کی تنظیم نو سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، منشور کے 16 نکات پر اگر عمل درآمد ہوا تو اوورسیز میں سب پیڈ پراپیگنڈا دھرے کا دھرا رہ جائیگا۔ سچ کو آنچ نہیں اور کام کا کوئی نعم البدل نہیں۔

‎وفد میں نائب صدر حاجی مزمل حسین، راجہ محمد علی جوائنٹ سیکریٹری، خان اصغر خان صدر یوتھ ونگ، خواتین ونگ سلطانہ بی بی اور زاہد مصطفٰی اعوان شامل تھے۔

‎بیرسٹر امجد ملک نے مسلم لیگ (ن) فرانس کی خدمات کو سراہا اور تجارتی ونگ، خواتین اور سوشل میڈیا کی طاقت کی اہمیت کو سمجھنے اور جاننے پر زور دیا اور مستقبل کی تنظیم سازی میں تمام لوگوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید