پورن،کوئٹہ،( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) خیبر پختونخوا میں فائرنگ کےواقعےمیں بجلی لائن کی حفاظت پرمامورسکیورٹی اہلکارشہیداورایک زخمی ہوگیا، پنجگور اور تربت میں دہشتگردوں کےکئی کیمپ مسمار کردئیے گئے جبکہ کوئٹہ اورقلعہ عبداللہ سے12مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پختونخوامیں تھاکوٹ کے مقام پر ڈائوٹ چیک پوسٹ کے اہلکاروں پر شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار قابل خان شہید ہوگئےجبکہ دوسرا اہلکار شدید زخمی ہوگیا، یاد رہے کہ پہلے متعدد بار چکسیر کی بجلی لائن فائرنگ کرکےدریا بردکی جاچکی ہےحالیہ رمضان میں بجلی لائن کاٹنے کے بعد ڈائوٹ چیک پوسٹ قائم کی گئی تاکہ اس کی حفاظت کی جاسکے ۔واقعےپراہل علاقہ نے مظاہرہ کیا فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے پنجگور، تربت میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن اور راکٹ دستی بم برآمد کر کے متعدد کیمپ مسمار کر دیئے، تربت میں ائیر پورٹ روڈ پر چیکنگ کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے 3 ایس ایم جی اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کر کے قبضے میں لے لیں ۔کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ کے علاقے میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران 12مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ ٗ قلعہ عبداللہٗ پنجگور اور تربت میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 16افراد کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ ٗ راکٹ ٗ دستی بم قبضے میں لے لئے۔