کراچی( جنگ نیوز)ملتان میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے ایک فوکر طیارے کے ہلاک شدگان کے ورثاء دس سال بعد بھی معاوضے کے سلسلے میں انصاف سے محروم ہیں۔پی آئی اے کے فوکر F27 کو یہ حادثہ 10جولائی 2006کوپیش آیا تھا ۔ جس میں عملے کے چار افراد سمیت تمام 45 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔اس حادثے میں بھاولپور کے ماہر نفسیات ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین بھی جاں بحق ہو گئے تھے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ہلاک شدگان کے ورثاء کو معاوضہ دینا چاہا مگر وہ انٹرنیشنل کنونشن 1966وارسا کے اصولوں کے برخلاف تھا ۔جس پر متاثرین نے معاوضہ وصول کرنے سے انکار کر دیا ۔ڈاکٹر الطاف حسین کے ورثاء نے بھی معاوضے کی وصولی سے انکار کر دیا اور سندھ ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی۔ تاہم یہ کیس دس سال بعد بھی معطل چلا آ رہا ہے ، شہادتیں 2014ء میں ہی مکمل ہو چکی ہیں ۔ مقدمے کی سماعت ایک سو مرتبہ ملتوی ہو چکی ہے ۔اور اس طرح متاثرین دس برس بعد بھی انصاف سے محروم چلے آ رہے ہیں۔