• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گدھی کا دودھ بیچ کر ماہانہ 2 سے 3 لاکھ کمانے والا بھارتی شخص

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی ریاست گجرات کے رہائشی نے سرکاری نوکری نہ ملنے پر گدھوں کا فارم بنا کر ماہانہ 2 سے 3 لاکھ کمائی شروع کر دی۔

بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری نوکری کے خواہشمند شخص کا نام دھیرین سولنکی ہے جس نے دلبرداشتہ ہو کر گدھوں کا فارم بنایا تھا اور کچھ ہی عرصے بعد گدھیوں کا دودھ بیچ کر لاکھوں کمانا شروع کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھیرین سولنکی سرکاری نوکری میں ناکامی ملنے کے بعد اب گدھیوں کے ایک فارم کا مالک ہے، اس فارم میں 42 گدھیاں ہیں جن کا دودھ تقریباً 5 ہزار روپے فی کلو بکتا ہے، دھیرین اس کاروبار سے ماہانہ 2 سے 3 لاکھ روپے کما لیتا ہے۔

میڈیا سے اپنے فارم سے متعلق بات کرتے ہوئے دھیرین سولنکی نے بتایا ہے کہ وہ سرکاری نوکری کی تلاش میں تھا، نوکری کی تلاش کے دوران اُسے کچھ پرائیویٹ نوکریاں ملیں لیکن اُن کی تنخواہ میں ماہانہ گھر کا خرچ پورا کرنا ناممکن تھا۔

دھیرین کے مطابق اس دوران اُسے گدھیاں پالنے اور اس جانور کا دودھ مہنگے داموں بکنے کا علم ہوا، کچھ لوگوں سے ملاقات کے بعد تقریباً 8 ماہ قبل اس نے اپنے گاؤں میں 20 گدھیوں سے 22 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے فارم بنایا۔

دھیرین سولنکی کے مطابق فارم کا ابتدائی سفر مشکل تھا کیوں کہ گجرات میں گدھی کے دودھ کی کوئی مانگ نہیں تھی۔

دھیرین کا کہنا ہے کہ پہلے 5 ماہ میں اس کی کوئی آمدنی نہیں ہوئی، اس کے بعد اُس نے بھارتی کمپنیوں تک دودھ کی سپلائی شروع کر دی۔

دھیرین سولنکی کے مطابق اب وہ کرناٹک اورکیرالہ میں دودھ سپلائی کرتا ہے، اُس کے گاہکوں میں کاسمیٹک کمپنیاں بھی ہیں جو اپنی مصنوعات میں گدھی کے دودھ کا استعمال کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں گدھیوں کا دودھ 5 ہزار سے 7 ہزار فی لیٹر جبکہ گائے کا دودھ 65 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید