کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار وائٹ بال اور ریڈبال کیلئے الگ الگ کوچز کا تقرر کیا ہے۔ گیری کرسٹین کا پہلا امتحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔ آسٹریلوی جیسن گلیسپی کو ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اظہر محمود تینوں فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ ہونگے، یہ تقرریاں دو سال کیلئے کی گئی ہیں۔ ماضی میں غیرملکی رچرڈ پائی بس، باب وولمر، جیف لاسن ، مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کو لاہور میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور اظہر محمود کے ساتھ پریس کانفرنس میں نئی تقرریوں کا اعلان کیا۔ گیری کرسٹن انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی اسائنمنٹ مکمل کرنے کے فوراً بعد انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولرجیسن گلیسپی اگست میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں چارج لیں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کے شاندار ٹریک ریکارڈز سب کے سامنے ہیں ، پاکستان کرکٹ فیملی میں ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کرتا ہوں۔ اظہر محمود کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیٹ اپ میں کل وقتی بنیاد پر واپسی کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔ یقین ہے کہ ان کوچز کی مہارت ہمارے کھلاڑیوں کو شائقین کی توقعات کے مطابق نئی بلندیوں تک پہنچنے میں رہنمائی فراہم کرے گی۔ 49 سالہ گلیسپی نے 1996-2006 کے دوران 71 ٹیسٹ ، 97 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا ہے اور مجموعی طور پر 402 وکٹیں حاصل کیں اور 1531 رنز بنائے۔ وہ ای سی بی سے منظور شدہ لیول 4 کے کوچ ہیں ۔ وہ 2014 اور 2015 میں لگاتار کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنے والی یارکشائر کاؤنٹی کے کوچ تھے۔ یارکشائر کے ساتھ اپنے وقت کے دوران انہوں نے انگلینڈ کے اسٹار کرکٹرز جونی بیرسٹو، گیری بیلنس اور جو روٹ کی ڈیولپمنٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 56 سالہ جنوبی افریقا کے سابق ٹاپ آرڈر بیٹرکرسٹن نے 1993-2004 تک 101 ٹیسٹ اور 185 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جس میں انہوں نے 34 سنچریوں کے ساتھ مجموعی طور پر 14087 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف 11 ٹیسٹ میں انہوں نے 55.86 کی اوسط سے 838 رنز بنائے۔ 24 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 55.47 کی اوسط سے 1054 رنز اسکور کیے۔ 2008سے 2011 تک انڈین ٹیم کی کوچنگ کی ورلڈ کپ 2011 ٹائٹل کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے میں ان کی مدد کی۔ وہ 2011 سے 2013تک جنوبی افریقی ٹیم کے کوچ رہے اور انہیں ٹیم رینکنگ میں نمبرایک پوزیشن پر لے گئے۔ گیری کرسٹن دہلی ڈیئر ڈیولز ( اب دہلی کیپٹلز) اور رائل چیلنجرز بنگلور کے کوچ بھی رہے ہیں۔ اسوقت وہ گجرات ٹائٹنز کے بیٹنگ کوچ اور مینٹور ہیں۔