گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساتھ وفاق نہیں بلکہ یہاں کے لوگ ہی زیادتی کررہے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ وفاق سے جو پیسے ملتے ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، صوبے میں فنڈز کے درست استعمال کو فروغ دیں گے، صوبے میں گڈ گورننس ہو گی تو وفاق بھی مدد کے لیے آگے آئے گا۔
گورنر بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حقوق کے لیے پہلے بھی کھڑے ہوئے آئندہ بھی کھڑے ہوں گے، صوبے میں امن و امان اولین ترجیح ہو گی، امن و امان کے حوالے سے جو کردار ہوا ادا کروں گا۔
شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ جس معاشرے میں بات چیت کے راستے بند ہوں، وہ معاشرہ جبر کا ہوتا ہے، جو بات چیت کرنا چاہتے ہیں سب سے کرنے کو تیار ہوں، صوبے کی ترقی کی سمت کو درست کرنا ہوگا۔