کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ کے ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام کراچی،حیدرآباد، سکھر اور نوابشاہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں جماعت نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات میں پائی جانے والی شدید بے قاعدگیوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکڑوں نہیں ہزاروں طلباء و طالبات ایڈمٹ کارڈ وقت پر نہ ملنے کے سبب پیپر دینے سے محروم ہو گئے ہیں، امتحانی مراکز میں نہ پینے کا پانی موجود ہے اور نہ ہی تحفظ کا کوئی مناسب انتظام ہے، نقل مافیا اپنے عروج پر بیرونی مداخلت کو روکنے میں انتظامیہ پوری طرح ناکام نظر آئی،حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ انتظامیہ اور سندھ حکومت طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھیل رہی ہے ارباب اقتدار بالخصوص گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے یہ اپیل کی جاتی ہے کہ امتحانی مراکز کے ماحول کو بہتر بنانے نقل کے رجحان کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور سندھ حکومت کا محاسبہ کیا جائے۔