کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے اور 9 مئی کے واقعے کے خلاف سول سوسائٹی کے تحت سی ویو سےنشان پاکستان تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز، انجینئرز، صحافی، اساتذہ، وکلا، خواتین، بزرگوں، بچوں اور شہداء کے اہل خانہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ اس موقع پر پاک فوج زندہ باد سمیت دیگر نعرے بھی بلند کیے گئے۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے چراغاں جبکہ دعائیہ تقریب کابھی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے پاک فوج اور عوام میں دوریاں پیداکرنے کی کوشش کی گئی۔ قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نو مئی ایک سیاہ دن تھا۔آج ہم آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں تو صرف پاک فوج کی مرہون منت ہے۔ شہید میجر کے والد سید شاہد حسین زیدی کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے انسانی زندگی بہت اہم ہے اور فوجی ملک کے لئے زندگی قربان کر دیتا ہے۔ شہداء کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ شہداء کی بے حرمتی کی کوشش کی گئی تصاویر جلائی گئیں جن کی مذمت کرتے ہیں۔