• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکادمی ادبیات پاکستان کےکمال فن اورقومی ادبی ایوارڈز کا اعلان

اسلام آباد (جنگ نیوز) اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے ممتاز اہل قلم کی ادبی خدمات کے اعتراف میں کمال فن ایوارڈ2022کے لئے معروف ادیب حسن منظرکو منتخب کیا گیا ہے ۔اس کا اعلان ڈاکٹر نجیبہ عارف صدر نشین ، اکادمی ادبیات پاکستان نے ایوارڈ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا ۔ اردو نثر( تخلیقی ادب) کے لئے سعادت حسن منٹو ایوارڈ احمد سلیم ، اردو نثر(تحقیقی وتنقیدی ادب) کے لئے بابائے اردو مولوی عبدالحق ایوارڈ ڈاکٹر اورنگزیب نیازی ، اردو شاعری کے لئے ’’ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ایوارڈ‘‘ قمر رضا شہزاد ،پنجابی شاعری کے لئے ’’سید وارث شاہ ایوارڈ‘‘ غلام حسین ساجد ،پنجابی نثر کے لئے’’ افضل احسن رندھاوا ایوارڈ‘‘نین سکھ ، سندھی شاعری کے لئے ’’شاہ عبدالطیف بھٹائی ایوارڈ ‘‘امداد حسینی ، سندھی نثرکے لئے ’’مرزا قلیچ بیگ ایوارڈ‘‘ منظور کوہیار اورڈاکٹر فیاض لطیف ، پشتو شاعری کے لئے ’’خوشحال خان خٹک ایوارڈ‘‘ اسماعیل گوہر ،پشتو نثر کے لئے ’’ محمد اجمل خان خٹک ایوارڈ ‘‘ اسیر منگل ،بلوچی شاعری کے لئے" مست توکلی ایوارڈ" مبارک قاضی ، بلوچی نثر کے لئےسید ظہور شاہ ہاشمی ایوارڈ یوسف گچکی ، سرائیکی شاعری کے لئے ’’خواجہ غلام فرید ایوارڈ‘‘اقبال بابر ، سرائیکی نثر کے لئے"ڈاکٹر مہر عبدالحق ایوارڈ"حفیظ خان ، براہوی شاعری کے لئے ’’تاج محمد تاجل ایوارڈ ‘‘ مہر زاہد نالوی ، براہوی نثر کے لئے ’’غلام نبی راہی ایوارڈ‘‘ ذوق براہوئی ، ہندکو شاعری کے لئے ’’ سائیں احمد علی ایوارڈ ‘‘ ساجد سرحدی،ہندکو نثر کے لئےخاطر غزنوی ایوارڈ گل ارباب ، انگریزی نثر کے لئے پطرس بخاری ایوارڈ کاملہ شمسی ، انگریزی شاعری کے لئے داؤد کمال ایوارڈ اعجاز رحیم اور ترجمے کے لئے ’’محمد حسن عسکری ایوارڈ‘‘یاسمین حمید کی کتابوں کو دیا گیا۔کمالِ فن ایوارڈ کی رقم دس لاکھ روپے جبکہ قومی ادبی انعام حاصل کرنے والی ہر کتاب کے مصنف کو دودولاکھ روپے دیئے جائیں گے۔