• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پی پی کے بلدیاتی نمائندوں کو بہتر کارکردگی ثابت کرنا ہوگی، سعید غنی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے بلدیاتی نمائندوں کو اپنی بہتر کارکردگی ثابت کرنا ہوگی، کیونکہ کراچی میں کئی ٹاؤنز کی چیئرمین شپ دیگر جماعتوں کے پاس ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا رحجان رہا ہے، چند سالوں میں ان غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی تعداد میں کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر بلدیات غیر قانونی کاموں کے خلاف ایکشن لوں گا، گورنر کو وزیر اعظم کی ہدایت پر ہی ہٹایا جاتا ہے، تاحیات کوئی گورنر نہیں رہا، تبدیلی بڑی بات نہیں ہے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ لوگ گھر بنانے کے لیے جمع پیسے غیر قانونی تعمیرات پر نہ لگائیں، غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ 

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے کورنگی میں تین فلائی اوورز بنائے، کورنگی کاز وے پر برج کا منصوبہ جلد شروع ہوگا، کورنگی میں بچوں کا اسپتال بہترین کام کر رہا ہے، کورنگی میں این آئی سی وی ڈی بن رہا ہے، کورنگی میں 12 سو سے 15سو بیڈ پر مشتمل امراض قلب کا اسپتال تعمیر کرائیں گے، کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی بن رہی ہے، کورنگی میں بین الاقوامی معیار کا آٹیزم سیکٹر بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگلے بجٹ میں کورنگی ضلع کے لیے بجٹ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے کورنگی کے لوگوں کی خدمت کی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کراچی پر بہت فوکس ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کی کراچی میں مقبولیت بڑھی ہے، ہمارے پاس شہر کی سو سے زائد یوسیز ہیں، کراچی کے جن اضلاع میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے وہاں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید