خوبرو معروف اداکارہ و ماڈل ثناء جاوید نے اپنے شوہر، معروف کرکٹر شعیب ملک کے ’موسٹ اسٹائلش اسپورٹس پرسنالٹی‘ ایوارڈ جیتنے پر خوشی اور محبت کا اظہار کیا ہے۔
رواں سال کے آغاز میں شادی کا اعلان کرتے ہی انٹرنیٹ پر چھا جانے والی جوڑی، شعیب ملک اور ثناء جاوید سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتے ہیں۔
ایک دوسرے کے ساتھ یہ جوڑی کم ہی تصویریں پوسٹ کرتی ہے مگر ثناء جاوید، شعیب ملک کی تعریف کرنے اور اُنہیں اپنا ہیرو قرار دینے کا موقع کبھی ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ایوارڈز شو میں شعیب ملک نے ’موسٹ اسٹائلش اسپورٹس پرسنالٹی‘ کا ایوارڈ اپنے نام کر کے ایک بار پھر اہلیہ کا دل موہ لیا ہے اور اُنہیں اپنی تعریف پر مجبور کر دیا ہے۔
اداکارہ نے شوہر، شعیب ملک کو ایوارڈ ملنے کے لمحات کواپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جیت کی مبارک ہو میرے ہیرو۔‘
ثناء جاوید نے اس اسٹوری میں سرخ دل کے ایموجی کے ساتھ ساتھ مزید رومانٹک ایموجیز کا بھی استعمال کیا ہے۔
دوسری جانب شعیب ملک نے بھی اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہیں اپنی محبت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کی ہردلعزیز اداکارہ ثنا جاوید اور مایۂ ناز کھلاڑی شعیب ملک نے 20 جنوری 2024ء کو شادی کر لی تھی۔