معروف بالی و لالی ووڈ اداکارہ ماورا حسین نے شادی کے بعد پہلا انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے شوہر، اداکار امیر گیلانی سے اپنے تعلق کے بارے میں بتایا ہے۔
ماورا حسین کی امیر گیلانی سے شادی کے بعد پاکستانی جریدے ’ہیلو پاکستان‘ نے اداکارہ کا خصوصی انٹرویو شائع کیا ہے۔
ماورا حسین نے مذکورہ انٹرویو میں امیر گیلانی سے شادی سے قبل رشتے پر کھل کر بات کی ہے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ امیر گیلانی کے ساتھ میری پہلی ملاقات ڈرامہ سیریل ’ثبات‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، اس سے قبل ایک ہی کالج میں پڑھنے کے باوجود ہماری کچھ خاص بات چیت نہیں ہوئی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ امیر گیلانی کو پہلے میں نے پروپوز کیا تھا، اپنے خیالات میں، کیوں کہ میں جانتی تھی کہ میرا ہمسفر یہی یا اس جیسا کوئی شخص ہوگا۔
ماورا حسین نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے ہم قریبی دوست بن گئے اور ہمارا تعلق چند سال کے دوران مضبوط ہو گیا۔
ماورا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ ہمارے رشتے کا باقاعدہ طور پر آغاز 2024ء میں اس وقت ہوا تھا جب امیر گیلانی کی والدہ نے باضابطہ طور پر میرا ہاتھ مانگا تھا، اس دوران میرے دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
اداکارہ ماورا حسین نے شادی خفیہ رکھنے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ ہم دونوں وکلاء ہیں، شادی خفیہ رکھنے کے لیے ہمارے درمیان ہونے والے معاہدوں نے ہمارے لیے بڑا کام کیا۔