کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی اچھی کار کردگی کے باوجود کئی خامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ پنالٹی کار نر اورپنالٹی شوٹ آؤٹ کیلئے تیاریوں کا پول کھل گیا، گول کیپنگ میں بھی کم زوری نمایاں دکھائی دی۔ مڈ فیلڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے گیپ زیادہ رکھنے کا مخالف ٹیم نے فائدہ اٹھایا، فائنل میچ میں پلاننگ میں بھی جھول دکھائی دیا ، ایک مرحلے پر دونوں پنالٹی کارنر کے ماہر محمد ابوبکر اور سفیان خان میدان سے باہر تھے، پاکستان نے آٹھ پنالٹی کارنر لیے مگر پچھلے میچوں میں چار گول بنانے والے سفیان خان سے صرف ایک پنالٹی کارنر لگوایا گیا۔ ابوبکر سے زیادہ پنالٹی کارنر لگوائے گئے۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ مرحلے پرتجربے کار کھلاڑیوں کو ابتدا میں نہیں آزمایا گیا ، رانا وحید اشرف، ارشد لیاقت گول نہ اسکور کرسکے ۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے 18گول کئے اور اس کے خلاف10سے زیادہ گول ہوئے جس سے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کی خامیاں سامنے آئیں ۔