راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ساہیوال اور میاں جنوں میں جھولوں کے حادثات کے بعد ضلعی حکومت راولپنڈی نے ضلع بھر میں جھولوں پر پابندی لگادی ہے اور حکم دیا ہے کہ جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس جھولا مالک کی بجائے انجینئرز سے حاصل کئے جائیں تب جھولے چلائے جا سکیں گے۔ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود نے یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کی طرف سے جھولوں کے حوالے سے ویڈیو لنک کانفرنس کے بعد جاری کی ہیں۔جس پر عمل کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے پارکس اور جھولوں کی چیکنگ شروع کردی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ خالد جاوید گورائیہ نے ایوب پارک اور جناح پارک کا دورہ کرکے جھولوں کے حوالے سے چیکنگ یک ان کو پارکس انتظامیہ نے جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس دکھائے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا نے اپنی حدود میں چلنے والے دو جھولے بند کرادئیے ہیں جبکہ واہ کینٹ میں قائم جھولوں کے سرٹیفکیٹس طلب کرلئے ہیں۔واضح رہے کہ ساہوال اور میاں چنوں میں عید پر جھولے گرنے سے 85کے قریب بچے اور بڑے زخمی ہوئے تھے۔جس کا نوٹس وزیر اعلی پنجاب نے بھی لیا تھا۔جس کے بعد ضلع راولپنڈی میں جھولوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔اور فٹنس سرٹیفکیٹس لئے جارہے ہیں۔