• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑیگا :سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی  سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ایک نئے این آر او کا موقع نہیں ملے گا ۔ اب حکمرانوں کو چاہتے یا ناچاہتے ہوئے بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ نہ صرف موجودہ بلکہ سابقہ حکومتوں کا آڈٹ بھی ضرور ی ہے۔حکمران احتساب کا آغاز اپنی ذات سے کریں تو کسی کو احتساب سے بھاگنے کی جرا ت نہیں ہوگی، حکمرانوں نے قومی خزانہ باہر منتقل کرکے اور باہر سے قرضے لیکر ہماری آنے والی نسلوں کو مقروض کیا۔کشمیر میں جدوجہد آزادی کے شہد اءکو سلام پیش کرتے ہیں ،شہداءکا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا اور آزادی کی شمع ضرور روشن ہوگی۔ حکومت پاکستان کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کے معاملے پراقوام متحدہ میں آواز بلند کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں بلائے گئے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 160کے ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے لاہور کے امیر ذکراللہ مجاہد اور نائب امیر حافظ سلمان بٹ نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد کچھ لوگ ایک نئے این آر او کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن اب کسی کو اس کا موقع نہیں ملے گا۔لٹیروں کو قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔احتساب کا نعرہ اب کسی ایک جماعت کا نہیں رہابلکہ قومی نعرہ بن چکا ہے اور اب حکمرانوں کو چاہتے یا ناچاہتے ہوئے بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران احتساب سے بھاگنے کی بجائے اگر اپنی ذات سے اس کا آغاز کردیتے تو اب تک بہت سے مسائل خود بخود حل ہوجاتے ۔
تازہ ترین