ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے انتقال پر بھارت میں بھی آج یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق آج بھارت کی تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی جھنڈا سرنگوں رہے گا۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گزشتہ روز تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا۔
اُنہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی موت کی خبر سن کر گہرا دکھ اور صدمہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور ایران کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا تھا۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے۔