• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیٹ میٹرنگ بند کرنے کیلئے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی، وزیر توانائی


وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ بند کرنے کیلئے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی، نیٹ میٹرنگ بند کرنے سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں۔

سینیٹ اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان میں آج نجی سولر سسٹمز سے 1500 میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہورہی ہے، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ نیٹ میٹرنگ کی پالیسی ختم کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں نیٹ میٹرنگ پالیسی پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

اویس لغاری نے کہا کہ سولر سسٹمز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنا نہیں چاہتے، دولتمند لوگوں کی سولر میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ 2017 میں ن لیگ حکومت میں نیٹ میٹرنگ نظام کا آغاز ہوا، سولر کی پاکستان میں اچھی گروتھ ہوئی۔ 1 لاکھ 13 ہزار سولر نیٹ میٹرنگ کنکشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سولر پینل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، سولر سرمایہ کاری اس وقت فائدہ مند ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ہم نے کس دن کہا ہم نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں؟ یہ خبریں اخبارات میں آئیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں یہ بات ہوئی ہی نہیں، ہم نے پاور سیکٹر میں اصلاحات تجویز کی ہیں، اینکر کہہ رہے ہیں کہ ہم سولر پینل کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں۔

وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اپرکلاس کے لوگ اس میں سرمایہ کاری کرکے اچھا کررہے ہیں، 2 سال پہلے جو سرمایہ کاری کرتا تھا اس کے پیسے 3 سال میں واپس آتے تھے، اب 18 ماہ میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ دار پالیسی میکر ہیں، واضح پالیسی بیان دے رہا ہوں، اگر پالیسی کا ریویو ہوا تو شراکت داروں سے مذاکرات کرکے شفاف انداز میں ہوگا، کوئی ایسی پالیسی نہیں ہورہی جو نیٹ میٹرنگ کو تبدیل کرے۔

قومی خبریں سے مزید