چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری اور انکی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کراچی میں ایرانی سفارتخانہ پہنچے اور ایران قونصل جنرل حسن نورین سے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابرہیم رئیسی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایرانی سفارتخانہ کے دورے کے موقع پر چیئرمین پی پی اور انکی بہن کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی پی اور انکی بہن نے قیمتی زندگیوں کے نقصان پر ایران کے عوام سے اظہار رنج و غم کیا۔
بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے ابراہیم رئیسی اور امیر عبداللہیان کو متحرک کردار اور گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران میں ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی زندگیوں کے زیاں پر دلی طور پر صدمہ ہوا۔
انکا کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ امیر عبداللہیان سے متعدد مثبت ملاقاتوں میں ایک قلبی تعلق قائم ہوا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام ایران کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔