کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے کپتان جوش بٹلر پاکستان کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا کچھ میچوں سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ان کی اہلیہ لوئیس کے ہاں اگلے چند دنوں میں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
بٹلر نے انگلینڈ واپسی اور 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر پاکستان کے خلاف سیریز میں حصہ لینے کے لیے اپنا آئی پی ایل کا وقت مختصر کر دیا تھا۔ بٹلر نے پاکستانی ٹیم کو خطرناک قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ٹیم ہے، بولرز کی قابلیت سے آگاہ ہیں۔ حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کی بولنگ خطرناک ہے۔
پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا بہت مزہ آتا ہے، ان کی کوالٹی بولنگ کے سامنے ہمارا زبردست امتحان ہوگا۔
دریں اثناء انگلینڈ کے ہیڈ کوچ میتھیو میٹ خاندانی مسئلے کی وجہ سے تاحال اسکواڈ میں شامل نہیں ہوئے۔ ان کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچ رچرڈ ڈاسن نے پیر کو لیڈز میں پریکٹس سیشن کی قیادت کی۔