سر سید انجینئرنگ یونیورسٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے یونیورسٹی کے دو گروپوں میں علی گڑھ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات اور رکنیت سازی کے معاملے میں جاری اختلافات کے باعث چند ہفتے قبل استعفیٰ دے دیا تھا تاہم ابھی استعفیٰ منظور نہیں ہوا ہے۔
اس وقت بھی سرسید یونیورسٹی کے معاملات سندھ ہائی کورٹ میں ہیں اور اس حوالے سے تین ماہ قبل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جاچکا ہے جو کسی وقت بھی جاری ہوسکتا ہے۔
سر سید انجینئرنگ یونیورسٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ولی الدین نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے استعفے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ پانچ سال تک وائس چانسلر کے عہدے پر فائض رہے اور ان کے استعفے کی منظوری بی او جی دے گی جس کا اجلاس چند روز بعد ہوگا۔
ڈاکٹر ولی الدین نے گفتگو کے دوران پوچھے گئے سوال پر اختلافات کے باعث مستعفی ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی اور خاموش رہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ولی الدین پانچ سال تک وائس چانسلر کے عہدے پر فائز رہے اور وہ بورڈز آف گورنرز (بی او جی) کا اجلاس منعقد کراکے یونیورسٹی سے رخصت ہوجائیں گے جبکہ بی او جی کا اجلاس چند روز بعد ہوگا۔