مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں ریچھ نے تین بچوں کی ماں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہو گئی۔
جیو ڈاٹ ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں جنگلی ریچھ نے ایک خوفناک حملے میں ایک خاتون کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جگن کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک مشتعل جنگلی ریچھ نے حملہ کر کے تین بچوں کی ماں کی جان لے لی۔
متوفی خاتون کے لواحقین نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی بالاکوٹ، محمد فرود نے کہا کہ ذمہ دار وائلڈ لائف اہلکاروں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مظاہرین سے مزید کہا کہ وہ پرسکون رہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، خاتون کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریچھ کے حملے ان کے علاقے میں معمول بن چکے ہیں، لیکن متعلقہ محکمے اس حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں کر رہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ریچھ نے ضلع میں شہری آبادی پر حملہ کیا ہو۔
گزشتہ سال اگست میں ایک ایسے ہی حملے کے دوران منگ گاؤں کی ایک خاتون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی، گاؤں پامبارا میں بھی جنگلی ریچھ کے حملے میں ایک خاتون زخمی ہوئی تھی۔