• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی حکومت سب سے پہلے بجٹ کیوں پیش کر رہی ہے؟

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف---فائل فوٹو
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف---فائل فوٹو  

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق فنڈز ریلیز کرے تو صوبے کے معاشی معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، سب سے پہلے بجٹ پیش کرنے کا مقصد عوام کو ریلیف کی جَلد فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے لیے وسائل کا جَلد حصول ہے۔

بیرسٹر سیف نے صوبے کے مالی مسائل کا ذمے دار وفاق کو قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم فوری طور پر اپنے عوام کے لیے معاشی پیکج کو ایگزیکیوٹ کرنا چاہ رہے ہیں، پہلے بجٹ پیش کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ فلاحی، ترقیاتی کاموں کے لیے مختص رقم فوری طور پر حکومت کو دستیاب ہو جائے تا کہ پراجیکٹس کو وسائل دستیاب ہوں۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اس وقت مالی مسائل کا شکار ہے، خیبرپختونخوا کے مالی مسائل وفاق کی وجہ سے ہیں، وفاق اگر ہمارے پیسے ریلیز کر دے تو صوبے کے مالی مسائل حل ہوجائیں گے۔۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پریکٹیکل اور قابل عمل ہوگا، زمینی حقائق، معاشی مسائل کے محرکات کو مدنظر کر بجٹ بنایا گیا ہے، بجٹ میں ہر شعبے اور طبقے کے لیے مختلف مراعات مختص کیے گئے ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مسائل کے باوجود ہم تقریباً سولہ ارب حجم کا بجٹ پیش کر رہےہیں، وسائل کے اندر رہتے ہوئے بجٹ میں عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں دینے کا جامع پروگرام ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بجلی کا تمام سسٹم وفاق کے کنٹرول میں ہے، ڈسٹری بیوشن، ٹرانسمیشن اور جنریشن کمپنیاں وفاق کے زیرِ انتظام ہیں، ان کمپنیز کے اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر لائن لائز ہیں، ان کمپنیز کے اعداد و شمارسب سے زیادہ بجلی ترسیل کے دوران ضائع ہوتی ہے، وفاق اپنی نااہلی کی وجہ سےسسٹم آپریٹ نہیں کر پاتا، نقصان پر کہتا ہے کہ جس نےخرچ کی ذمےداری اس کی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کے دوران انہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی سے متعلق بھی بات کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک چلانے کا کہا ہے، جب بھی بانی پی ٹی آئی حکم دیں گے تو پی ٹی آئی تحریک کا بھرپور حصہ ہوگی، پی ٹی آئی بطور سیاسی پارٹی اس احتجاجی تحریک کا حصہ ہوگی۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، کے پی حکومت عوام کی امانت ہیں، امانت میں خیانت نہیں کریں گے، احتجاجی تحریک میں حصہ اپنی پارٹی کے وسائل سے لیں گے۔

قومی خبریں سے مزید