پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے آئندہ ماہ شیڈول فرنچائز پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کو غیر آئینی قرار دے دیا۔
پی ایف ایف نے پی ایف ایل کے حوالے سے کہا کہ فیڈریشن نے اس ایونٹ کی کوئی منظوری نہیں دی ہے۔
فیفا اور اے ایف سی کے بینر تلے پی ایف ایف پاکستان میں فٹبال معاملات چلانے کا واحد ذمے دار ادارہ ہے، فیفا کی جانب سے دیے جانے والے رائٹس کے تحت تمام تر فٹبال سرگرمیوں، ان کے اوقات اور مقامات کے فیصلوں کی صرف پی ایف ایف مجاز ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے 9 ستمبر 2014 کو جاری کردہ احکامات کے مطابق حکومت بھی صرف عالمی باڈیز کے تحت کام کرنے والی فیڈریشنز کو ہی سپورٹ کرتی ہے۔
پی ایف ایف کی منظوری کے بغیر کسی ایونٹ کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 82 کی خلاف ورزی ہے، جس پر انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں فٹبال کے فروغ میں حقیقی کردار ادا کرنے والے ہر منصوبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، شرط یہ ہے کہ پہلے اس کی منظوری حاصل کی گئی ہو۔