پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں 2024-25 کے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے اور پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا۔
محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ایونٹس کا ایک مسابقتی شیڈول تیار کر کے پیش کریں جو بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ خلا کو پُر کرنے میں مدد کر سکے۔
محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے کھیلنے اور آمدن کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے معیار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 2024-25 کے ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر میں اضافی ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور چار روزہ ایونٹس شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ پروفیشنل کرکٹرز سال بھر مصروف رہیں تاکہ وہ بہتری لاتے رہیں اور قومی ڈیوٹی کے لیے ضرورت پڑنے پر وہ اپنی بہترین شکل میں ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایک مضبوط، مسابقتی اور مضبوط ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچہ کھلاڑیوں کے پول کو بڑھانے میں مدد کرے گا جس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں آپ کو فرنچائز کے مالکان کے طور پر بڑھتا اور پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتا ہوں، میں آپ کے مقاصد کے حصول کے لیے آپ کی مدد کروں گا۔
فرنچائز مالکان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے تاج میں ایک زیور ہے اور ہم پی سی بی کے تعاون سے اسے مسلسل ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔