پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ بجٹ میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے کسی صورت نئے ٹیکس قبول نہیں کریں گے۔
ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے مرکزی دفتر میں تھوڑ پھوڑ کی گئی، تجاوزات کے نام پر جھوٹ بولا گیا، میڈیا پر حکومتی وزرا ء آکر لب کشائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈرشپ اور ورکرز کو قید رکھا جا رہا ہے، آپ پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیس کر رہے ہیں وہ الٹا آپ کے گلے پڑ رہے ہیں، ایسے حربوں سے نہ ڈریں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آپ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر توجہ دیں، 12 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، لوگ گرمی، بے روزگاری اور ناکام معاشی پالیسی کی وجہ سے بلبلا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں گندم اسکینڈل ہوا ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا، ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت کو آپ دیوار سے لگا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام میں نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، حکومت خود ملک کو عدم استحکام کی طرف لے کر جا رہی ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت پورے ملک میں جلسوں کا شیڈول دیں گے۔