کراچی ( آن لائن ) پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت ہونیوالے انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل کیلئے رنگ میں اتر یں گے۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ محمد وسیم پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جو ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل کیلئے فائٹ کریں گے۔باون کلو گرام کی فلائی ویٹ کیٹگری کی یہ فائٹ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں 17 جولائی کوہوگی جس میں محمد وسیم کا سامنا فلپائن کے مایہ ناز باکسر جیتھر اولیوا سے ہوگا۔محمد وسیم کامن ویلتھ گیمز،کمبیٹ گیمز چائنا،کنگز کپ، بنکاک،جنوبی ایشائی گیمزبنگلہ دیش،پریذیڈنٹ کپ انڈونیشیا،بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمیت متعدد ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں،17 جولائی کی فائٹ کیلئے انہوں نے دو ماہ امریکا میں خصوصی تربیت حاصل کی اور پھر جاپان میں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد اب وہ اس فائٹ کیلئے بھرپور تیار ہیں۔محمد وسیم سال 2015 میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ میں اپنے مدمقابل باکسرکو ناک آئوٹ کرنیکااعزاز حاصل کرچکے ہیں اپنی محنت اور قوم کی دعائوں سے اگر وہ 17 جولائی کو اپنے مدمقابل کو شکست دیدیتے ہیں تو وہ تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آجائینگے ۔