ڈوکری(نامہ نگار) لاڑکانہ ضلع سمیت ضلع بھر کی تحصیلوں باقرانی،رتوڈیرو،ڈوکری اور چھوٹے بڑے شہر نئوڈیرو،باڈہ،خیرمحمد آریجہ اور موئنجودڑو میں غیر رجسٹر اور ہوٹرز لگی کاریں اور موٹر سائیکلیں اکثر شاہراہوں پر دوڑتی نظرآتیں ہیں جبکہ محکمہ ایکسائز خاموش تماشائی بن کر رہ گیا ہے۔دوسری جانب گاڑیوں کی تصدیق کیلئے کوئی مربوط نظام موجود نہ ہونے کی وجہ سے چوری شدہ و چھینی گئی گاڑیاں بھی سڑکوں پر رواں دواں ہیں، اطلاعات کے مطابق لاڑکانہ ضلع میں کاریں،ڈبل کیبن گاڑیاں اور موٹر سائیکل نمبر پلیٹوں کے بغیر سڑکوں پر نظر آئی ہیں جن پر نمبر پلیٹ کے بجائی مختلف برادریوں اور پارٹیوں کےناموں کی پلیٹیں نصب ہوتی ہیں۔پولیس بااثر افراد کے سامنے بے بس اور کسی کارروائی سے گریزاں ہےصرف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ گاڑیوں پر نہ صرف محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹ نہیں ہوتی بلکہ سیکورٹی اداروں کے ہوٹرزبھی استعمال کئے جاتے ہیں جن کی تیزآواز اکثر شہریوں کیلئے پریشانی کا سبب بنتی ہے۔دوسری جانب چوری اور چھینی ہوئی گاڑیوں کی چیکنگ کا بھی کوئی نظام نہیں۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز بھی کوئی ایکشن نہیں لے رہا۔