• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشام میں چینی انجینئرز پر حملے میں افغان سرزمین استعمال کی گئی، وزیرداخلہ


وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بشام میں چینی انجینئرز پر حملے میں افغان سرزمین استعمال کی گئی، کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، افغان حکومت دہشت گردوں کے خلاف ٹرائل کرے یا انہیں ہمارے حوالے کرے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام شواہد موجود ہیں کہ بشام واقعہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا، افغان سرزمین استعمال ہوئی، منصوبہ بندی سے چینی شہریوں پر حملہ کیا گیا۔ ثبوت افغان حکومت کے حوالے کیے گئے لیکن اب تک افغان حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ افغان عبوری حکومت سے ٹی ٹی پی کی قیادت گرفتار کرنے کی درخواست کی ہے، افغانستان دہشت گردوں کے خلاف ٹرائل کرے یا انہیں ہمارے حوالے کرے، جو ملک پاکستان کو ترقی کرتے نہیں دیکھ سکتا وہ ٹی ٹی پی کو سپورٹ کرتا ہے، افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، یہ اسی صورت ممکن ہے کہ وہ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، سی سی ڈی خیبر پختونخوا بہت محنت کر رہی ہے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں پر سیکیورٹی بڑھائی ہے، حکومت بخوبی جانتی ہے کہ کونسی طاقتیں امن خراب کرنا چاہتی ہیں، چینی شہریوں کی سیکیورٹی ہمارے لیے بہت ضروری ہے، چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، چین اور پاکستان کے تعلقات ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، وہ ہماری بہتری اور ہم ان کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید