• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رواں ہفتے ہیٹ ویو، پارہ 42 ڈگری چھونے کا امکان

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، اس دوران شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔

یہ پیش گوئی کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 29 سے 31 مئی تک پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران درجۂ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ سکتا ہے، جبکہ دن کے بیشتر حصے میں شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ اس دوران شہرِ قائد میں شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں درجۂ حرارت میں کمی آ سکتی ہے، جون میں درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ جون میں کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج اور کل تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے 29 سے 31 مئی کے دوران شہرِ قائد میں ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران دن کا درجۂ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس دوران دادو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں درجۂ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ متوقع ہے۔

سانگھڑ، حیدر آباد، مٹیاری اور ٹنڈو الہٰ یار میں دن کا درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی زیادہ رہنے، جبکہ جامشورو، ٹھٹہ اور سجاول میں درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید