• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھیرے میں لینے پر بابر پرستاروں سے ناراض، پہلے ڈانٹا، پھر سیلفیاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کھلاڑیوں کو اپنی مقبولیت کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے اور شائقین اکثر ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں۔ کارڈف میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پرستاروں سے ناراض دکھائی دیئے اور انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ کسی دوست سے ملنے آئے ہیں انہیں کچھ لمحے تنہائی میں بات کرنے کی اجازت دی جائے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی درخواست پر انگلینڈ بورڈ نے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ سیکورٹی آفیسرز تعینات کردیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق بابر اعظم کو ٹیم ہوٹل سے باہر آتے ہی شائقین نے گھیر لیا اس موقع پر ہوٹل سیکیورٹی اسٹاف نے مداخلت کی ۔ بابر اعظم نے کہا کہ یار دو منٹ دے دو، اوپر چڑھے جا رہے، بات کررہا ہوں اور آپ ویڈیو بنارہے ہیں۔ بعد میں انہوں نے پرستاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ یوں ناراضی کے بعد پرستار خوشی خوشی واپس گئے۔ چاچا کرکٹ نے بھی ٹیم ہوٹل میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور تصاویر بنوائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دو سیکورٹی آفیسر فراہم کر دیئے گئے ہیں اضافی سیکورٹی آفیسرز قومی کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کے دوران موجود ہوں گے۔

اسپورٹس سے مزید