مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف میں شدید اختلاف پائے جاتے ہیں۔
پشاور سے جاری اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کل یوم تکبیر کے موقع پر قائداعظم ٹو بننے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو یوم آزادی اور یوم قائد سے بھی زیادہ اہمیت دی گئی۔ نواز شریف نے ایسا تاثر دیا کہ ان کے بغیر ایٹمی طاقت بننا ناممکن تھا۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ایٹم بم کےلیے ڈاکٹر عبدالقدیر اور ذوالفقار بھٹو نے جان و مال کی قربانی دی تھی۔ مرحومین کو کریڈٹ دینے کی بجائے صرف نواز شریف کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں صرف دھماکے ہوئے جس کا اتنا کریڈٹ نہیں جتنا وہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جوش خطابت میں شہباز شریف کی تعریفیں کرتے ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ دونوں میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔