ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندورنی حصے میں قائم واش روم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ، عرصہ درازسے صفائی بھی نہیں کرائی گئی ، واش رومز میں کئی روز سے پانی نہیں آرہا ، کئی بار مسافروں نے مسئلے بارے آگاہ کیا لیکن تاحال مسئلہ حل نہیں کیا جا سکا، اس کے علاوہ واش رومز کی تقریباً تمام ٹوٹیاں خراب ہیں ،مسافرپلاسٹک کے بنے گلاس میں پانی ڈال کر ہاتھ دھونے پر مجبور ہیں، واش رومز میں دیگر ضروری سامان جن میں ٹشو رول ، صابن اورہاتھ دھونے کا لیکوئڈ بھی موجود نہیں ۔ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔علاوہ ازیں قومی ونجی ایئرلائنز کے عملے نے بھی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی ہے ۔ دوسری طرف سول ایوی ایشن نےمسائل کے حل کے لئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے۔