پولینڈ میں نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ چار چار گول سے برابر ہوگیا، میچ کے آخری منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک مل گیا جس پر ابوبکر نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
ایف آئی ایچ نیشنز کپ پولینڈ میں شروع ہوگیا، پہلا میچ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان کھیلا گیا۔
پاکستان کے خلاف ملائیشیا نے میچ شروع ہوتے ہی پہلے 11 منٹ میں 3 گول داغ دیے۔ چوتھے منٹ میں ملائشیا کو پاکستان کے خلاف پنالٹی اسٹروک ملا، جس کو ساری فطری نے گول میں تبدیل کردیا۔
دو منٹ بعد ہی ابو کمل نے گول کرکے برتری دگنی کردی، تین منٹ بعد فاضیل ساری نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو تین۔صفر کی برتری دلا دی۔
پہلا کوارٹر ملائیشیا کی تین۔صفر کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، دوسرے کوارٹر میں عبد الرحمٰن نے گول کرکے خسارہ کم کیا۔
دس منٹ بعد 42 ویں منٹ میں ساری فطری نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ چار ایک کردیا۔ دوسرے ہی منٹ میں محمد سفیان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ چار دو کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں شاہد حنان نے خوبصورت گول کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ پاکستان کو مقابلہ برابر کرنے کیلئے صرف ایک گول کی ضرورت تھی جس کیلئے قومی ٹیم نے بھرپور کوشش کی۔
میچ کے آخری منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا، جس پر ابو ببکر نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
پاکستان کو ملائیشیا کے خلاف میچ میں 13 پنالٹی کارنر ملے جس میں صرف ایک پر گول ہوا جبکہ ملائیشیا کو پانچ پنالٹی کارنر ملے جس پر انہوں نے 2 گول کیے۔