عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی کوئٹہ میں مویشی منڈیاں آباد ہونے لگیں، تاہم ان مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کے خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔
عید الاضحیٰ کی آمد میں اب تقریباً 2 ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے، کوئٹہ کے علاقوں مشرقی بائی پاس اور اسپنی روڈ پر مویشی منڈیاں آباد ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
اندرونِ صوبہ اور ملک کے مختلف علاقوں سے بکرے، دنبے اور گائیں مویشی منڈیاں آنا شروع ہو گئی ہیں، مگر قربانی کے جانوروں کے خریداروں کا رش ابھی تک دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
کوئٹہ کی مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ ابھی کوئٹہ کی کسی بھی مویشی منڈی میں محکمۂ حیوانات کی جانب سے کانگو وائرس کے اسپرے اور بیمار جانوروں کو چیک کرنے کے لیے کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا ہے اور نہ ہی میڑوپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ابھی تک کوئی انتظامات نظر نہیں آ رہے ہیں۔
کوئٹہ میں گزشتہ سال کانگو وائرس کے باعث 50 سے زائد افراد متاثر اور 15 سے زائد جاں بحق ہوئے تھے۔