سینئر اداکارہ بابرہ شریف نے پاکستان فلم انڈسٹری کے زوال کی وجہ بتا دی۔
بابرہ شریف نے حال ہی میں فلمساز الطاف حسین کی فلم ’تیرے پیار نوں سلام‘ کے لانچ کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ملک میں سنیما کی بحالی کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی کراچی، پشاور اور لاہور کی بات نہیں کی، ہم نے صرف اپنی انڈسٹری کے لیے کام کیا، ہمیں اس تقسیم پر بات نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ہم یہاں آج فلمساز الطاف حسین کی وجہ سے جمع ہوئے ہیں جنہوں نے ہمیں بہت کچھ سکھایا ہے،اُنہوں نے مجھے تال اور رقص سکھایا اور یہ آج بھی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آج کل فلم انڈسٹری کی بحالی کے بارے میں بہت بات کی جاتی ہے لیکن مجھے یہ بتائیں کہ فلمیں دیکھے بغیر کوئی فلم انڈسٹری کو کیسے بحال کر سکتا ہے، فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ وہ تمام فلمیں دیکھیں جن میں معاشرے کے لیے اہم پیغامات موجود ہوتے ہیں۔
بابرہ شریف نے کہا کہ ہم سب فلم انڈسٹری کو بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور چھوٹے چھوٹے اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔
اُنہوں نے آج کے دور کے فلمسازوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم نے کراچی، پشاور اور لاہور کی بات نہیں کی، آپ لوگ بھی اس تقسیم کا حصہ نہ بنیں بس صرف فلمیں بناتے رہیں۔