منیبہ مختار اعوان، لاہور
سہانجنا (Moringa) کو ’’ڈاکٹریٹری‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس سے آپ اس کی افادیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ یہ ایک خود رو پودا ہے اور اس کی نہ صرف پھلیاں، بلکہ پتّے، پُھول اور شاخیں بھی نباتاتی اجزاء کا بیش بہا خزانہ ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس خود رو پودے کے جس قدر فوائد ہیں، اگر انسان کو ادراک ہو جائے، تو وہ اسے سونے کے بھاؤ خریدنے میں بھی تامل نہ کرے اور ہم پاکستانی اس اعتبار سے کتنے خوش قسمت ہیں کہ یہ ہمارے ہاں بکثرت پیدا ہوتا ہے۔ بہاول پور میں تو اس خود رو پودے کے جنگل کے جنگل ہیں۔ بہرکیف، آج ہم آپ کو اس کی پھلیوں سے تیار کردہ ایک بہترین ذائقے دار اور انتہائی صحت بخش ڈش کی ترکیب بتا رہے ہیں۔ آزمائیں اور خُوب داد سمیٹیں۔
اجزا: چکن ہڈی کے بغیر آدھا کلو، مٹر ایک پاؤ، سہانجنا آدھا کلو، پیاز درمیانے سائز کی ایک عدد، ٹماٹر دو عدد ،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک، ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، پسی ہوئی سُرخ مرچ، ہلدی، گرم مسالا اور دیگر مسالا جات حسبِ ضرورت۔
ترکیب: چِھلے ہوئے مٹر اُبال کر ایک طرف رکھ لیں۔ ایک پتیلی میں حسبِ ضرورت آئل ڈال کر گرم ہونے دیں، جب گرم ہو جائے، تو اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں، پیسٹ کا رنگ ہلکا براؤن ہونے پر اس میں چاپ کیے ہوئے پیاز شامل کریں۔ پیاز فرائی ہو کر نرم ہو جائیں تو ٹماٹر کا پیسٹ شامل کر دیں اور ساتھ ہی سب مسالا جات بھی۔ ایک منٹ مزید پکانے کے بعد اس میں چکن (ہڈیوں کے بغیر، چھوٹی چھوٹی بوٹیاں) شامل کر دیں۔
دوسری طرف سہانجنا کسی چھلنی یا چھوٹے سوراخوں والے برتن میں ڈال کر اس طرح دھوئیں کہ ساری مٹّی سوراخوں کے ذریعے نکل جائے اور سہانجنا کے دانے دھل کر بالکل صاف ہو جائیں، کیوں کہ سہانجنا کے دانے انتہائی باریک ہوتے ہیں۔
سبزی دھونے کے بعد اسے پکتے ہوئے چکن میں شامل کر دیں اور ساتھ اُبلے ہوئے مٹر بھی شامل کردیں۔ پھر اس میں ایک چوتھائی گلاس پانی شامل کر کے بھاپ پہ پکنے کے لیے رکھ دیں۔ پندرہ منٹ پکنے کے بعد سبزی کو اچھی طرح بُھون لیں اور گرم گرم چپاتیوں کے ساتھ پیش کریں۔