اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف صحافتی تنظیموں کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا ہے کہ پابندی رپورٹنگ پر نہیں غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ پر ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ عدالتی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں، میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کر سکتا ہے، صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔
دورانِ سماعت پیمرا نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کا اس معاملے سے تعلق ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، وفاقی حکومت کا اس سے تعلق نہیں۔
بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ پیمرا نے جس قانون کا سہارا لیا ہے اس میں زیرِ سماعت مقدمات رپورٹ کرنے پر پابندی نہیں ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔