• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے آٹھویں میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ بھارتی ٹیم نے 97 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 13ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ 

نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارتی بولرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آئرش بیٹنگ لائن کو قدم نہیں جمانے دیے اور ابتدا سے ہی وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کردیا۔ 

آئرلینڈ کے ابتدائی 8 کھلاڑی 50 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم 9ویں وکٹ پر گریتھ ڈیلانے اور جوش لٹل کی 27 رنز کی پارٹنر شپ نے آئرش ٹیم کو 77 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ 

آخری وکٹ پر گریتھ ڈیلانے نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مزید 19 رنز جوڑ کر ٹیم کو 97 رنز تک پہنایا جہاں آخری کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ 

آئرلینڈ کی جانب سے گریتھ ڈیلانے نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کرٹس کیمفر نے 12 اور لورکن ٹکر نے 10 رنز بنائے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ 

بھارت کی جانب سے ہاردیک پانڈیا نے 3 وکٹیں لیں۔ ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بومرا نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل اور محمد سراج نے ایک ایک آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کے ویرات کوہلی ایک رن کے مہمان ٹھہرے لیکن روہیت شرما نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب کیا۔ 

دوسری وکٹ پر روہیت شرما اور رشبھ پنت کے درمیان 54 رنز کی شراکت بنی، اور 76 کے مجموعے پر روہیت شرما ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

بھارت کی دوسری وکٹ سوریا کمار یادیو کی صورت میں گری، وہ صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تاہم 36 رنز بنا کر ناقابل شکست رہنے والے رشبھ پنت نے اپنی ٹیم کو فتح کی لکیر کے پار پہنچادیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے بین وائٹ اور مارک اڈائر ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

عمدہ بولنگ پرفارمنس پر بھارت کے جسپریت بومرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

بھارت کی ٹیم کپتان روہیت شرما، ویرات کوہلی، سریاکمار یادیو، شیوم دوبے، رشبھ پنت، ہاردیک پانڈیا، اجے جڈیجا، اکشر پٹیل، محمد سراج، جسپریت بومرا اور ارشدیپ سنگھ پر مشتمل تھی۔ 

آئرلینڈ کی کپتانی پال اسٹرلنگ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اینڈی بلبرنی، روڈ ٹکر، ہیری ٹیکٹر، کرٹس کیمفر، جارج ڈاکریل، گاریتھ ڈیلانے، مارک اڈائر، بیری میک کارتھی، جوش لٹل اور بین وائٹ شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید