ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکا کے خلاف شکست کے بعد سے پاکستان ٹیم پر تنقید اور ہار پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکا کے خلاف شکست کے بعد جیو نیوز کے پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت، عمران نذیر اور احمد شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ اس دن سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم کر کے صرف 6 ٹیمیں بنا دیں، سابق کپتان نے اقتدار میں آکر کرکٹ کا نظام الٹا کردیا، کراچی جیسے بڑے شہر میں کلب کرکٹ، کالج اور یونیورسٹیز کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔
اس موقع پر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی امریکا سے شکست اپ سیٹ شکست نہیں۔ ہم آئرلینڈ، نیدرلینڈز، زمبابوے اور اب امریکا سب سے ہار چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال وہی ہونے والا ہے جو ہاکی ٹیم کا ہوگیا تھا، بنیاد مضبوط نہیں ہوتی تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تباہ ہوچکی ہے۔
علاوہ ازیں سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال ہاکی ٹیم جیسا ہوگا نہیں بلکہ ہاکی جیسا ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے پہلے میچ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست ہوئی تھی، امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو باآسانی ہرا دیا تھا۔