ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا ہے کہ یقین ہے وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت تین ارب ڈالر ماہانہ ذرمبادلہ پاکستان بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بجٹ میں وعدے کے مطابق سہولتیں فراہم کریں گے۔
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کےقیام کے چند ماہ کے اندر ہی شہباز شریف نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکال لیا ہے تاہم اب اوورسیز پاکستانی امید کرتے ہیں کہ بجٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ن لیگ اوورسیز میں سب سے بڑی اور ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے، وہ میاں نواز شریف سے درخواست کریں گے اوورسیز کی وزارت مسلم لیگ ن اپنے پاس رکھے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا تیزی سے حل نکالا جاسکے۔
ملک یونس نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو بغیر ڈیوٹی ایک موبائل فون لانے اور ان کی جانب سے بھیجی جانے والی گاڑیوں کی ڈیوٹی کم کرنے کا بھی اس بجٹ میں اعلان کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت سکتی ہے۔