ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت آج نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ کی تیاریوں کےلیے گزشتہ روز پریکٹس کی جبکہ بھارتی ٹیم کے صرف دو کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
نیا ملک، نیا میدان، نئے تماشائی مگر حریف وہی پرانے۔ پاکستان اور بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیویارک کے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں۔
گرین شرٹس کو توقع ہے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شاہین آفریدی اور محمد عامر سے جبکہ بھارتی ٹیم کی اُمیدوں کا مرکز روہت شرما، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا ہیں۔
کاغذ پر تو مقابلہ ٹکر کا ہے مگر میدان میں وہی پرفارم کرسکے گا جو میچ والے دن اپنے اعصاب پر قابو رکھے گا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 12 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں جن میں سے میچز 8 بھارت کے نام رہے جبکہ 3 میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ ایک میچ ٹائی رہا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد اب پاکستان کو بغیر کسی اگر مگر کے فائنل تک پہنچنے کےلیے اپنے آئندہ تینوں میچز جیتنے ہیں جن میں سے پہلا امتحان بھارت کے خلاف ہے۔