• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پرقوم کو سخت مایوس کیاہے، سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی تشدد کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر حکمرانوں نے قوم کو سخت مایوس کیاہے، اب فیصلہ کرنا ہوگاکہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں یا بھارت کے ساتھ، وزیراعظم اور وزارت خارجہ کے روایتی بیانات سے بھارت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے لیے حکومت کو بھارت کے خلاف سخت رویہ اپنانا پڑے گا،  دو کشتیوں کےمسافر حکمرانوں نے بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے قومی امنگوں اور کشمیریوں کی آرزوؤں کا خون کیاہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ہے، پاکستان کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی رکوانے کے لیے سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے  ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں عید ملن کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں  نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمران بھارت سے محبت اور دوستی کے لیے کشمیری شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں ۔ کشمیر میں مساجداور قرآن پاک کو نذر آتش کرنے اور خواتین کی اجتماعی آبرو ریزی جیسے واقعات سمیت انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر نام نہاد عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ، شرمناک اور مسلم دشمنی کابین ثبوت ہے ۔ بھارت کشمیر سے نکلنے والے دریاؤں پر بند باندھ کرپاکستان کو بنجر بنانے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کے ہاتھوں گزشتہ تین دنوں میں 30معصوم نوجوان قتل کیے جاچکے ہیں لیکن پاکستانی وزارت خارجہ نے عالمی برادری میں اس قتل عام کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھائی اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
تازہ ترین