ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 25ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ بھارتی ٹیم کی اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم کی دوسرے مرحلے تک رسائی کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں جبکہ بھارتی ٹیم دوسرے مرحلے کےلیے کوالیفائی کر گئی۔
امریکا کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کیا۔
نیویارک میں ایک اور میچ لو اسکوررنگ ثابت ہوا، جہاں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔
امریکا کے جانب سے نتیش کمار 27 اور اسٹیون ٹیلر 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے 4 اوور میں 9 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردیک پانڈیا نے 2 اور اکشر پٹیل نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہیت شرما 3 جبکہ ویرات کوہلی گولڈن ڈک آؤٹ ہوگئے۔
تاہم سریا کمار یادیو نے پہلے ریشبھ پنت اور پھر شیوم ڈوبے کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اہم جیت سے ہمکنار کروایا۔ انہوں نے 50 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
شیوم ڈوبے 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ریشبھ پنت 18 رنز پر کر پویلین لوٹے۔ ارشدیپ سنگھ کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ بابر الیون کو اگلے مرحلے تک رسائی کےلیے امریکا کی آئرلینڈ کے خلاف شکست کا انتظار کرنے کے بعد خود کو آئرلینڈ کو ہرانا ہوگا۔ امریکا اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش کا امکان ہے، اگر بارش ہوگئی تو پاکستان ٹیم ایونٹ سے آؤٹ ہوجائے گی۔