وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کی کمیٹی کے اراکین نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ عید کے موقع پر ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کو پینشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کریں۔
وزیر اعظم کے احکامات کے باوجود یونیورسٹی کی جانب سے ریٹائر اساتذہ و ملازمین کو عید سے قبل پینشن ادا نہیں کی گئیں۔ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان نے پینشن، بقایاجات اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی مذمت کی۔
انہوں نےصدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر آصف علی زرداری، یونیورسٹی کے پرو چانسلر اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کو پینشن اور بقایاخات کی ادائیگی کروائیں۔
ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس کروڑوں روپے کے فنڈز سرمایہ کاری کی مختلف اسکیموں میں محفوظ ہیں اور اساتذہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن اور تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں مصنوعی مالی بحران ہے، جس کے ذمہ دار قائم مقام ڈائریکٹر فنانس ہیں۔
ڈاکٹر توصیف احمد خان نے یونیورسٹی کے چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اساتذہ و ملازمین کو پینشن اور تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں، 55 سے زائد اساتذہ اور ملازمین پینشن اور بقایاجات کے منتظر ہیں، جن میں سے 5 کا انتقال ہوچکا ہے اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔